اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بحرین مرر کے مطابق، منامہ میں عوامی مظاہرے کی سرکوبی کے لئے بڑی تعداد میں سکورٹی فورسز کی تعیناتی کے باوجود، اتوار کو باربر اور ابو صائبہ علاقوں سمیت کئی جگہوں پر عوام نے سڑکوں پر مارچ کیا۔
عوام نے آل خلیفہ حکومت کے خلاف اور ملک میں آزادی اور جمہوریت کے حق میں نعرے لگائے۔ اس دوران رپورٹ کے مطابق، متعدد لوگوں اور رہنماؤں کو پولیس نے گرفتار کر لیا اور انہیں تفتیش کے لئے بھیج دیا۔
قابل ذکر ہے کہ بحرین میں فروری 2011 میں آل خلیفہ کی تاناشاہ حکومت کے خلاف عوامی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا جو اب تک جاری ہے۔
بحرین کے سب سے نمایاں عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کہہ چکے ہیں کہ خلیج فارس کے اس چھوٹے سے ملک میں نئے آئین کی تشکیل ہی اس ملک کو بحران سے نجات دلا سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بحرین کے حزب اختلاف کے رہنماؤں کو دبانے کے بجائے آل خلیفہ حکومت کو ان کے ساتھ مفاہمت کی کوشش کرنی چاہئے۔
مظاہروں میں شامل عوام آل خلیفہ حکومت کے اقتدار سے کنارہ کش ہونے اور ایسے عادلانہ نظام کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں جس میں سبھی بحرینی طبقوں کی نمائندگی ہو، لیکن منامہ حکومت اعتراضات اور عوامی مطالبات کو کچلنے اور نظرانداز کرنے کی پالیسی پر تمام تر شدت و حدت کے ساتھ عمل پیرا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
242